بھارت، اتر پردیش: ضلع دیوریا میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس نے سب کو حیران کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق 23 سالہ خاتون نے ایک نابالغ 15 سالہ لڑکے کو پہلے محبت کے جال میں پھنسا کر اس سے تعلقات قائم کیے اور پھر دھمکیاں دے کر شادی پر مجبور کر دیا۔ اب یہ معاملہ چائلڈ لائن انڈیا تک پہنچ چکا ہے اور تفتیش شروع ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سلیم پور کوتوالی کے گاؤں کی رہائشی اس لڑکی پر الزام ہے کہ اس نے تقریباً چھ ماہ قبل اس لڑکے سے دوستی کی اور آہستہ آہستہ تعلقات بڑھائے۔ جب لڑکے نے شادی سے انکار کیا تو لڑکی نے مبینہ طور پر زہر کھانے کی دھمکی دی۔ خوف زدہ ہو کر لڑکے نے 27 اگست کو بھگڑا بھوانی مندر میں اس سے شادی کرلی۔
رپورٹ کے مطابق نابالغ لڑکے کے اہل خانہ اس شادی پر سخت پریشان ہیں اور لڑکی پر لڑکے کو پھنسانے کا الزام لگا رہے ہیں۔ شادی کے بعد لڑکے کی ماں نے واضح کیا کہ ان کا بیٹا ابھی بالغ نہیں ہوا، اس لیے فی الحال دلہن کو گھر میں نہیں لایا جائے گا۔ اسی دوران کسی نے یہ معاملہ چائلڈ لائن انڈیا کو اطلاع دی، جس پر چائلڈ ویلفیئر کمیٹی نے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر ضلع کے ایس پی کو کارروائی کی سفارش کر دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکے نے بیان دیا ہے کہ لڑکی نے اسے بہلا پھسلا کر متعدد بار تعلقات قائم کیے اور پھر شادی کے لیے دباؤ ڈالا۔ چائلڈ لائن اب پورے کیس کی تفتیش کر رہی ہے تاکہ نابالغ کے تحفظ اور قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
سیو آور پاک
