جمعرات , 26 مارچ 2026 | 1 USD = 279.077426 PKR
ایک تولہ سونا ریٹ = 497000.00 روپے
بسنت پر بڑی پیش رفت, عدالت نے پتنگ اور ڈور کی مہنگی فروخت روکنے کا حکم دے دیا
بسنت پر بڑی پیش رفت, عدالت نے پتنگ اور ڈور کی مہنگی فروخت روکنے کا حکم دے دیا

بسنت پر بڑی پیش رفت, عدالت نے پتنگ اور ڈور کی مہنگی فروخت روکنے کا حکم دے دیا

لاہور ہائیکورٹ میں بسنت تہوار سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے پتنگوں اور ڈورز کی مہنگے داموں فروخت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کنٹرول کے واضح احکامات جاری کر دیے۔

سماعت جسٹس ملک محمد اویس خالد نے کی، جس میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز، ایس ایس پی آپریشنز لاہور توقیر، ڈائریکٹر آپریشنز لیسکو، اسپیشل سیکرٹری ہیلتھ سمیت دیگر متعلقہ افسران عدالت میں پیش ہوئے۔ افسران نے بسنت کے موقع پر کیے گئے حفاظتی انتظامات اور عوامی آگاہی مہم سے متعلق عدالت کو بریفنگ دی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بسنت کے باعث ہونے والے حادثات اب بھی مکمل طور پر نہیں رکے۔ وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ بسنت سے قبل ہی ڈور سے گلا کٹنے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، جو انتہائی تشویشناک ہیں۔

جسٹس ملک محمد اویس خالد نے ایس ایس پی آپریشنز کو ہدایت کی کہ وہ ان حادثات کی وجوہات پر مشتمل جامع رپورٹ آئندہ سماعت پر عدالت میں جمع کروائیں۔ عدالت نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی فیک نیوز پر بھی تشویش ظاہر کی اور ہدایت دی کہ اس حوالے سے ڈائریکٹر ایف آئی اے کے ساتھ مؤثر رابطہ اور کوآرڈینیشن کی جائے۔

عدالت نے ڈائریکٹر آپریشنز لیسکو سے سوال کیا کہ بسنت کے دوران بجلی سے متعلق حفاظتی اقدامات کے لیے کیا منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ لیسکو حکام نے بتایا کہ رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی ہے، والڈ سٹی اور دیگر علاقوں میں حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں، خطرناک مقامات کی نشاندہی کر کے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور بسنت سے قبل تمام برقی حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے جائیں گے۔

ڈی جی پی آر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے عوامی آگاہی مہم جاری ہے، جبکہ ٹی وی چینلز پر بھی حفاظتی پیغامات نشر کیے جا رہے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے بسنت کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈرون کے استعمال کی تجویز بھی دی، جس پر عدالت نے متعلقہ اداروں کو اس پہلو کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ اسپیشل سیکرٹری ہیلتھ نے عدالت کو بتایا کہ کلینکس آن ویل، ریسکیو 1122 اور دیگر ہنگامی طبی سہولیات کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو ہدایت کی کہ پتنگوں اور ڈورز کی مہنگے داموں فروخت کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کیا جائے۔ ساتھ ہی ایس ایس پی آپریشنز لاہور کو حکم دیا گیا کہ ممنوعہ ڈورز کی فروخت سے متعلق تفصیلی رپورٹ وجوہات سمیت آئندہ سماعت پر پیش کی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا، جبکہ ڈائریکٹر والڈ سٹی اتھارٹی، ڈائریکٹر سیف سٹی، ڈائریکٹر پی ایچ اے اور دیگر متعلقہ افسران کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔ کیس کی مزید سماعت 3 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

About A.M JAN

Check Also

پیٹرول مہنگا نہیں ہوگا؟ صدر زرداری کا بڑا حکم سامنے آگیا

پیٹرول مہنگا نہیں ہوگا؟ صدر زرداری کا بڑا حکم سامنے آگیا

صدر مملکت آصف علی زرداری نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ معاشی فیصلوں میں …

جواب دیں