ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 7 خوارج کو ہلاک کر دیا، جبکہ اس کارروائی کے دوران پاک فوج کا ایک بہادر سپاہی شہید ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی میں کیا گیا، جہاں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں نائیک یاسر خان نے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید سپاہی کی قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد ماضی میں کئی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے اور علاقے میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔ فورسز اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ علاقے کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک کیا جائے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، اور سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گی۔
سیو آور پاک
