دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک ڈرون واقعے کے بعد اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث ایئرپورٹ کے اطراف میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔ اس واقعے کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر کچھ وقت کے لیے پروازوں کی لینڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق ڈرون سے متعلق پیش آنے والے اس واقعے کے بعد ایئرپورٹ کے قریب موجود ایک ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی سروسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ فائر فائٹرز مسلسل آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دبئی میڈیا آفس نے بتایا کہ اس واقعے میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ تاہم احتیاط کے طور پر ایئرپورٹ پر آنے والی پروازوں کی لینڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
اس دوران دبئی آنے والی کئی پروازوں کو ایئرپورٹ کے قریب فضا میں ہولڈنگ پیٹرن میں رکھا گیا تاکہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول ہونے تک انہیں محفوظ رکھا جا سکے۔
دوسری جانب سعودی سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک گھنٹے کے دوران 34 ڈرون مار گرائے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جیسے ہی صورتحال بہتر ہوگی فضائی آپریشن دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔
سیو آور پاک
