جمعرات , 26 مارچ 2026 | 1 USD = 279.077426 PKR
ایک تولہ سونا ریٹ = 497000.00 روپے
فیصل آباد میں قیامت خیز دھماکہ 20 افراد جاں بحق، فیکٹری مالک سمیت 7 نامزد
فیصل آباد میں قیامت خیز دھماکہ 20 افراد جاں بحق، فیکٹری مالک سمیت 7 نامزد

فیصل آباد میں قیامت خیز دھماکہ 20 افراد جاں بحق، فیکٹری مالک سمیت 7 نامزد

فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری کے بوائلر دھماکے کا مقدمہ تھانہ منصور آباد میں سب انسپکٹر احتشام کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں اقدامِ قتل سمیت سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں، جبکہ فیکٹری مالک قیصر چغتائی، منیجر بلال اور پانچ ورکرز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

اہلِ علاقہ کے مطابق انہوں نے کئی بار فیکٹری میں خطرناک کیمیکل کے ذخیرے کی شکایت کی تھی، مگر فیکٹری انتظامیہ نے اسے نظر انداز کر دیا۔ سب انسپکٹر احتشام نے بتایا کہ شکایات کے باوجود فیکٹری میں بڑے پیمانے پر کیمیکل رکھا جاتا رہا۔ مقدمے میں نامزد ملزم منیجر بلال، خانساماں خالد، اور ورکرز زین اور عطا محمد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس دھماکے میں 17 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ فیکٹری کے آس پاس موجود متعدد گھروں کی چھتیں بھی منہدم ہو گئیں۔ ایک گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور ان کے دو بچے ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں چھ بچے، دو خواتین، دو بزرگ اور فیکٹری کے ملازم شامل ہیں۔

علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے میں دبے افراد کو نکالا اور تمام لاشوں اور شدید زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال ون اور ٹو منتقل کیا گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر مسلسل امدادی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔ پولیس نے دھماکے کے چند گھنٹوں بعد فیکٹری منیجر کو گرفتار کر لیا، تاہم فیکٹری مالک ابھی تک قانون کی گرفت میں نہیں آ سکا۔

کمشنر راجہ جہانگیر انور کے مطابق ملک پور میں چار فیکٹریاں ایک ساتھ کام کر رہی تھیں۔ ایک فیکٹری میں گیس لیک ہونے کے باعث آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے باقی فیکٹریوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ساتھ ہی سات رہائشی گھر بھی اس آگ سے متاثر ہوئے۔

کمشنر نے بتایا کہ اب تک 15 جاں بحق افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ دس زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال ون منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے تین کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ تین افراد کو برن یونٹ، دو کو آرتھوپیڈک وارڈ اور دو کو سرجیکل وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اس حادثے کی نگرانی کر رہی ہیں اور انہوں نے زخمیوں کو ضرورت پڑنے پر لاہور یا کراچی ریفر کرنے کی ہدایت دی ہے، تاہم اس وقت ہسپتالوں میں تمام ضروری ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔

About A.M JAN

Check Also

پیٹرول مہنگا نہیں ہوگا؟ صدر زرداری کا بڑا حکم سامنے آگیا

پیٹرول مہنگا نہیں ہوگا؟ صدر زرداری کا بڑا حکم سامنے آگیا

صدر مملکت آصف علی زرداری نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ معاشی فیصلوں میں …

جواب دیں