اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ایتھوپیا کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ سے الوداعی ملاقات کی۔
اس موقع پر عطاء اللہ تارڑ نے ڈاکٹر جمال بیکر کی شاندار سفارتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے پاکستان اور ایتھوپیا کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں قابلِ قدر کردار ادا کیا۔
وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ ڈاکٹر جمال بیکر نے دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف سرکاری سطح پر بلکہ عوامی سطح پر بھی قربت اور دوستی کے رشتوں کو مضبوط بنایا۔ اُنہوں نے سفیر کو "پاکستان کا مخلص دوست” قرار دیا۔
دوسری جانب ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے ملنے والی محبت، تعاون اور اعتماد پر اظہارِ تشکر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک مثبت اور مؤثر کردار ادا کر رہا ہے اور ایتھوپیا اس تعلق کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔
سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک نے امن و سلامتی، ماحولیات، تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور ثقافت جیسے مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے، اور مستقبل میں ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
ڈاکٹر جمال بیکر نے بتایا کہ ایتھوپیا کی قومی فضائی کمپنی پاکستان کی "لک افریقہ” اور "انگیج افریقہ” پالیسیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتے ادیس ابابا میں پانچویں پاکستان–افریقہ تجارتی ترقی کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش منعقد ہو رہی ہے، جس میں دونوں ممالک کی کاروباری برادری بھرپور انداز میں شریک ہوگی۔
عطاء اللہ تارڑ نے ایتھوپیا کے وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں ہونے والی ترقی اور اصلاحات کو سراہا اور کہا کہ ایتھوپیا کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنا پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔آخر میں وزیرِ اطلاعات نے اعلان کیا کہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) ایتھوپیا کے سفیر کی خدمات پر ایک خصوصی دستاویزی پروگرام تیار کرے گا جو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کے اعتراف میں نشر کیا جائے گا۔
سیو آور پاک
