آج سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث سونا ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 211 ڈالر کا بڑا اضافہ ہوا، جس کے بعد سونا 5 ہزار 293 ڈالر فی اونس کی سطح تک جا پہنچا۔ عالمی قیمتوں میں اضافے کا اثر مقامی مارکیٹ پر بھی صاف دکھائی دیا۔
مقامی صرافہ مارکیٹ میں ایک تولہ سونا ایک ہی دن میں 21 ہزار 100 روپے مہنگا ہو گیا، جس کے بعد ایک تولہ سونا پہلی بار 5 لاکھ 51 ہزار 662 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 18 ہزار 90 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد دس گرام سونا 4 لاکھ 72 ہزار 961 روپے میں فروخت ہونے لگا۔ سونے کی قیمتیں اس قدر بڑھنے کے بعد صرافہ مارکیٹ میں کاروبار شدید متاثر ہوا اور خریداروں کی تعداد میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔
کراچی صرافہ جیولرز گروپ نے سونے کی مسلسل بڑھتی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ گروپ کے نائب صدر محمود جیلانی کا کہنا ہے کہ زیادہ تر سرمایہ کار اس وقت گولڈ میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔
دوسری جانب حنیف شارجہ نے بتایا کہ عوام کی توجہ اب چاندی کی طرف جا رہی ہے، تاہم چاندی کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ ان کے مطابق مہنگائی کے باعث مارکیٹ میں سناٹا ہے اور کاروبار نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔
سیو آور پاک
