وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جادو ٹونے سے نہیں بلکہ محنت اور اتحاد سے ترقی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور معاشی استحکام ایک ساتھ نہیں چل سکتے، اس لیے ملک کو آگے بڑھانے کے لیے یکجہتی بہت ضروری ہے۔
اسلام آباد میں علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ کنونشن میں فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔ وزیراعظم کے مطابق قوم میں اتفاق اور امن کی فضا قائم ہونے تک حقیقی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اس وقت بہتری کی طرف بڑھ رہی ہے، لیکن اگر ہم افواجِ پاکستان کی قربانیوں کا مذاق بنائیں گے تو دنیا میں پاکستان کی عزت کون کرے گا؟
انہوں نے واضح کیا کہ جب فوج کے خلاف جھوٹا اور زہریلا پروپیگنڈا پھیلایا جائے تو اس کا جواب دینا صرف حکومت ہی نہیں، علما اور پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ معرکے میں قوم کی دعائیں قبول ہوئیں اور افواج کے ہر سپاہی نے ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کے مطابق بھارت کے خلاف جنگ میں فیلڈ مارشل نے غیر معمولی جرأت کا مظاہرہ کیا اور مسلح افواج کی بہادری کی وجہ سے دشمن کو بدترین شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت نے مل کر ملک کو معاشی تباہی سے بچایا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے فرقہ واریت کے خاتمے پر بھی زور دیا۔ شہباز شریف نے افسوس ظاہر کیا کہ آج بھی کچھ لوگ مساجد میں ایک دوسرے کے پیچھے نماز پڑھنے سے گریز کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوارج کے حملوں میں معصوم پاکستانی جان سے جا رہے ہیں، لیکن شہدا نے اپنی جانیں دے کر بے شمار بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا۔
سیو آور پاک
