وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد سالانہ مہنگائی کی شرح 5.03 فیصد ہو گئی ہے۔
تاہم رپورٹ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ اس دوران کئی اشیائے ضروریہ کے دام اب بھی بڑھ رہے ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جن میں پیاز، ٹماٹر، آلو، چاول، انڈے اور چینی شامل ہیں۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ صرف پیاز کی قیمت ایک ہفتے میں 12.17 فیصد بڑھ گئی، ٹماٹر 10.47 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ آلو کی قیمت میں 3.57 فیصد، چاول میں 1.63 فیصد اور انڈوں کے دام میں 1.52 فیصد اضافہ ہوا۔ دال مونگ، ماش، ایل پی جی، لکڑی اور کپڑے کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران 4 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں۔ آٹے کی قیمت میں سب سے زیادہ یعنی 9.80 فیصد کمی ہوئی جبکہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں 3.20 فیصد کمی آئی۔ رپورٹ کے مطابق 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اس دوران استحکام دیکھا گیا۔
سالانہ بنیاد پر دیکھا جائے تو ٹماٹر 90 فیصد، چینی 29 فیصد اور آٹا 18.65 فیصد تک مہنگا ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگرچہ مجموعی شرح میں کمی خوش آئند ہے لیکن اشیائے خورد و نوش کی بڑھتی قیمتیں اب بھی عوام کی جیبوں پر بوجھ بنی ہوئی ہیں۔
سیو آور پاک
