ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر واقعی ایرانی بحریہ ختم ہو چکی ہے تو امریکہ ہمت کرے اور خلیج فارس میں اپنی بحریہ بھیج دے۔
پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی بحریہ اب ختم ہو چکی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اگر ایسا ہے تو صدر ٹرمپ کو چاہیے کہ وہ عملی طور پر اپنی طاقت دکھائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے پاس ایسے کئی میزائل موجود ہیں جو ابھی تک استعمال نہیں کیے گئے۔ ان کے مطابق وہ میزائل بھی ابھی سامنے نہیں لائے گئے جو 2025 میں تیار کیے گئے تھے، جبکہ جون 2025 کے بعد تیار ہونے والے جدید میزائل بھی اب تک ظاہر نہیں کیے گئے۔
دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے معاملے میں نیٹو نے امریکہ کی مدد نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نیٹو نے اس معاملے میں تعاون نہ کیا تو اس کے نتائج بہت خراب ہو سکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ یورپ اور چین کو بھی چاہیے کہ وہ تیل کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز کو کھلوانے کی کوششوں میں شامل ہوں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر چین نے تعاون نہ کیا تو چینی صدر کے ساتھ متوقع ملاقات بھی تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ آبنائے ہرمز امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے علاوہ دیگر تمام ممالک کے لیے کھلی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی یورپی ممالک اس حوالے سے ایران سے رابطے میں ہیں۔
سیو آور پاک
