دوحا: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے دوحا کے عوام اور قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان قطر کی خودمختاری کے دفاع میں اس کے ساتھ کھڑا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دوحا پہنچے جہاں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ دفاع نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ وفد میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔ وزیراعظم کا یہ دورہ قطر کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا مظہر ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان کے عزم کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی فضائی کارروائیاں نہ صرف قطر کی خودمختاری کے خلاف ہیں بلکہ یہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی بڑا خطرہ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری فوری طور پر ایسے اقدامات کی مذمت کرے اور امن قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی آج دوحا پہنچیں گے جبکہ اردن کے ولی عہد پہلے ہی قطر میں موجود ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے میں قیادت کی سطح پر ہنگامی رابطے جاری ہیں۔
سیو آور پاک
