لاہور میں نیو ائیر نائٹ کے موقع پر پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایسی خاتون کو گرفتار کر لیا جو ولایتی شراب کی بوتلوں میں دیسی شراب بھر کر فروخت کر رہی تھی۔ پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث کئی شہری ایک بڑے دھوکے اور ممکنہ نقصان سے بچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق سال 2025 کا آخری مقدمہ 31 دسمبر کی رات لاہور کے تھانہ بھاٹی گیٹ میں درج کیا گیا۔ یہ مقدمہ سب انسپکٹر خالد جاوید کی مدعیت میں صائمہ بی بی نامی خاتون کے خلاف درج کیا گیا جو منشیات کی فروخت میں ملوث پائی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار خاتون نے نئے سال کی رات فروخت کے لیے ولایتی شراب کی خالی بوتلوں میں دیسی شراب بھر کر تیار کر رکھی تھی۔ پولیس نے کارروائی کے دوران خاتون کے قبضے سے 80 شراب کی بوتلیں برآمد کیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی تمام بوتلیں باہر سے ولایتی شراب کی لگ رہی تھیں، مگر ان کے اندر دیسی شراب بھری ہوئی تھی، جس سے شہریوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
پولیس نے ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
سیو آور پاک
