کراچی (نمائندہ خصوصی): وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سنی تحریک ثروت اعجاز قادری سے اہم ملاقات کی جس میں مذہبی ہم آہنگی، قومی اتحاد، اور افواہوں کے تدارک پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
محسن نقوی نے ملاقات کے دوران واضح کیا کہ مدارس یا مساجد کی بندش کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی مدرسے یا مسجد کو بند نہیں کیا جا رہا، کیونکہ دین اسلام امن، محبت، اور رواداری کا درس دیتا ہے — تشدد اور شرانگیزی کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کے دائرے میں ہر شہری کو احتجاج کا حق حاصل ہے، لیکن کسی کو بھی امن عامہ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ملاقات میں ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، اب وقت ہے کہ سب لوگ مثبت کردار ادا کریں تاکہ ملک مزید آگے بڑھے۔
اس موقع پر علمائے کرام کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ علمائے کرام نے ہمیشہ حق اور اتحاد کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، اور ان کی کوششیں قابلِ فخر ہیں۔ملاقات میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ شریک تھے۔
سیو آور پاک
