اسلام آباد (7 اکتوبر 2025) جماعت اسلامی پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو بالآخر اسرائیلی قید سے رہائی مل گئی ہے۔ وہ اس وقت اردن میں موجود ہیں جہاں پاکستانی سفارتخانہ ان کی مکمل دیکھ بھال کر رہا ہے۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ مشتاق احمد خان، جو گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل تھے، کو اسرائیلی حکام نے چھوڑ دیا ہے۔ ان کے مطابق، مشتاق احمد خان کی صحت تسلی بخش ہے اور وہ حوصلے کے ساتھ موجود ہیں۔
اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ پاکستانی سفارتخانہ، مشتاق احمد خان کی خواہش کے مطابق، ان کی پاکستان واپسی میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اس موقع پر دوست ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے وزارتِ خارجہ کے ساتھ تعاون کیا۔
دوسری جانب، مشتاق احمد خان کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں ان کی رہائی اور اردن پہنچنے کی تصدیق کی گئی ہے۔واضح رہے کہ مشتاق احمد خان غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لیے روانہ ہونے والے “گلوبل صمود فلوٹیلا” کا حصہ تھے جو اسپین سے سفر پر نکلا تھا۔ تاہم، اسرائیلی بحریہ نے ان کارکنوں کو منزل تک پہنچنے سے قبل ہی حراست میں لے لیا تھا۔
سیو آور پاک
