جمعرات , 26 مارچ 2026 | 1 USD = 279.077426 PKR
ایک تولہ سونا ریٹ = 497000.00 روپے
افغان سرزمین سے نیا خطرہ وزیراعظم شہباز شریف کا عالمی برادری کو سخت پیغام
افغان سرزمین سے نیا خطرہ وزیراعظم شہباز شریف کا عالمی برادری کو سخت پیغام

افغان سرزمین سے نیا خطرہ وزیراعظم شہباز شریف کا عالمی برادری کو سخت پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا ایک نیا خطرہ افغان سرزمین سے دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، جس پر عالمی برادری کو سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے زور دیا کہ افغان حکومت کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے مؤثر دباؤ ڈالا جائے۔

ترکمانستان کی 30 سالہ مستقل غیر جانبداری کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اشک آباد کے خوبصورت شہر میں موجود ہونا ان کے لیے خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفید سنگِ مرمر سے مزین شہر، ترکمان عوام کی گرمجوشی اور مہمان نوازی واقعی قابلِ تعریف ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترکمانستان کی مہمان نوازی اپنی مثال آپ ہے اور سال 2025 کو بین الاقوامی سالِ امن و اعتماد قرار دینا ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے رواں سال اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں اہم ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کا نیا خطرہ افغان سرزمین سے جنم لے رہا ہے، اس لیے عالمی برادری کو افغان حکومت پر ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے دباؤ بڑھانا چاہیے۔ وزیراعظم کے مطابق تنازعات کا پرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی حمایت سے غزہ سے متعلق امن منصوبہ منظور ہوا، جبکہ جنگ بندی کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں لاکھوں فلسطینیوں کو ریلیف ملا۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2788 پاکستان کے امن کے وژن کی تائید کرتی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عرب اسلامی ممالک کے گروپ کے رکن کے طور پر پاکستان عالمی امن مشن میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں دیرپا جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کو ناگزیر قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار امن اور پائیدار ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، جبکہ 2030 ایجنڈا عالمی ترقی کے لیے ایک جامع منصوبہ ہے۔ وزیراعظم کے مطابق مالیاتی شمولیت اور خواتین کو معاشی دھارے میں شامل کرنا پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ پاکستان کا صاف اور سرسبز ترقیاتی ماڈل دنیا کے لیے مثال بن رہا ہے۔

شہباز شریف نے توجہ دلائی کہ موسمیاتی تبدیلی اور عدم مساوات ترقی پذیر ممالک کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی تک منصفانہ رسائی ناگزیر ہے کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے دنیا کے کئی ممالک شدید خطرات کا سامنا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے ترکمانستان کی قیادت کے عالمی امن کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فورمز کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا کو صفر جمع سوچ سے نکل کر مشترکہ تعاون کو اپنانا ہوگا، اور صرف تجارت ہی نہیں بلکہ انسانوں اور خیالات کو جوڑنے والے پل تعمیر کرنا ہوں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اشک آباد میں عالمی رہنماؤں کے ہمراہ ترکمانستان کی یادگارِ غیر جانبداری پر حاضری دی اور پھول پیش کیے۔ اس موقع پر ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف، روسی صدر ولادیمیر پوتن، ترک صدر رجب طیب اردوان، ازبکستان، تاجکستان اور قزاقستان کے صدور سمیت مختلف ممالک کے سربراہان اور نمائندے موجود تھے۔

About A.M JAN

Check Also

پیٹرول مہنگا نہیں ہوگا؟ صدر زرداری کا بڑا حکم سامنے آگیا

پیٹرول مہنگا نہیں ہوگا؟ صدر زرداری کا بڑا حکم سامنے آگیا

صدر مملکت آصف علی زرداری نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ معاشی فیصلوں میں …

جواب دیں