بنگلہ دیش کے ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق معزز مہمان نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار سے ملاقات کی۔ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس 2010/11 کے سابق طالب علم بھی رہ چکے ہیں، جس کی وجہ سے یہ دورہ خاص اہمیت رکھتا ہے۔
اس ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے، خاص طور پر پیشہ ورانہ عسکری تعلیم اور مشترکہ تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر فوج سے فوج کے روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان موجود مضبوط تاریخی تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سے قبل بنگلہ دیشی ایئر فورس کے چیف نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
مزید برآں، بنگلہ دیش کے ایئر چیف نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون، تربیتی تبادلوں اور بدلتے ہوئے علاقائی سکیورٹی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں برادر ممالک کی افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا۔
سیو آور پاک
