جمعرات , 26 مارچ 2026 | 1 USD = 279.077426 PKR
ایک تولہ سونا ریٹ = 497000.00 روپے
 پاکستان کا بڑا دفاعی قدم لیبیا کے ساتھ اربوں ڈالر کا تاریخی معاہدہ
 پاکستان کا بڑا دفاعی قدم لیبیا کے ساتھ اربوں ڈالر کا تاریخی معاہدہ

 پاکستان کا بڑا دفاعی قدم لیبیا کے ساتھ اربوں ڈالر کا تاریخی معاہدہ

پاکستان اور لیبیا کے درمیان ایک بڑا دفاعی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان لیبیا کو جدید لڑاکا طیاروں سمیت مختلف اقسام کا فوجی سازوسامان فراہم کرے گا۔ اس معاہدے کو پاکستان کی تاریخ میں اسلحے کی فروخت کے بڑے معاہدوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستان اور لیبیا کے درمیان یہ معاہدہ 4 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا ہے، جبکہ کچھ حکام کے مطابق اس کی مجموعی رقم 4.6 ارب ڈالر تک پہنچتی ہے۔ معاہدے کے تحت پاکستان لیبیائی نیشنل آرمی کو جدید جے ایف 17 لڑاکا طیارے اور دیگر اہم ہتھیار فراہم کرے گا۔

عرب نشریاتی ادارے الحدث ٹی وی پر جاری بیان میں لیبیائی نیشنل آرمی کے سینئر رہنما صدام خلیفہ حفتر نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اس معاہدے کے ذریعے اسٹریٹجک فوجی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق یہ معاہدہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حالیہ دورۂ بن غازی کے دوران طے پایا، جہاں ان کی ملاقات لیبیائی نیشنل آرمی کے نائب کمانڈر ان چیف صدام خلیفہ حفتر سے ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معاہدے کی حساس نوعیت کے باعث چار پاکستانی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس کی تفصیلات فراہم کیں۔

حکام کے مطابق اس معاہدے میں لیبیا کو 16 جے ایف 17 لڑاکا طیارے اور 12 سپر مشاق تربیتی طیارے فراہم کیے جانے کا امکان شامل ہے۔ ایک پاکستانی اہلکار نے اس فہرست کی تصدیق کی، جبکہ دوسرے حکام کا کہنا ہے کہ معاہدے میں شامل تمام ہتھیاروں کی حتمی تعداد ظاہر نہیں کی جا سکتی۔

ایک سکیورٹی اہلکار کے مطابق یہ معاہدہ صرف فضائی نہیں بلکہ زمینی اور بحری دفاعی سازوسامان پر بھی مشتمل ہے، جسے تقریباً ڈھائی سال میں مکمل کیا جائے گا۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان کی دفاعی صنعت کو عالمی سطح پر مزید پذیرائی ملنے کی توقع ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اتوار کے روز نشر ہونے والے بیان میں کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی نے پاکستان کی جدید دفاعی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے واضح کر دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور لیبیا کے درمیان یہ بڑا دفاعی معاہدہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت اور عالمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

About A.M JAN

Check Also

پیٹرول مہنگا نہیں ہوگا؟ صدر زرداری کا بڑا حکم سامنے آگیا

پیٹرول مہنگا نہیں ہوگا؟ صدر زرداری کا بڑا حکم سامنے آگیا

صدر مملکت آصف علی زرداری نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ معاشی فیصلوں میں …

جواب دیں