وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے ملاقات کی، جس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کے صدر کی حیثیت سے اجے بنگا کے پہلے سرکاری دورے پر ان کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقتصادی ترقی اور اصلاحات کے عمل میں عالمی بینک کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ایک ایسے اصلاحاتی پروگرام پر عمل کر رہی ہے جو ملکی ضروریات اور عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت جامع انتظامی اصلاحات کے لیے پرعزم ہے، جن کا مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔
شہباز شریف نے انفرا اسٹرکچر، زرعی کاروبار، ڈیجیٹل ترقی، توانائی کے شعبے اور نجی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے عالمی بینک کی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے عالمی بینک گروپ کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت جاری تعاون کو بھی قابل تعریف قرار دیا۔
دوسری جانب عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں جاری اصلاحاتی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ اجے بنگا نے "ون ورلڈ بینک گروپ” کے تحت شراکت داری کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
سیو آور پاک
