اسلام آباد: سیلاب سے متاثرہ عوام کیلئے حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خزانہ کو ہدایت دی ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے فوری رابطہ کرکے بجلی کے بلوں میں ریلیف کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق حکومت ایک ماہ کیلئے سیلاب متاثرین کو بجلی کے بلوں سے استثنیٰ دینے پر غور کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ یہ ریلیف صرف شہروں تک محدود نہیں ہوگا بلکہ دیہات سمیت ملک بھر کے تمام متاثرہ علاقوں پر لاگو ہوگا۔
مزید برآں حکومت نے اربن فلڈنگ پر قابو پانے کے لیے نیا لائحہ عمل اور جامع پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کو وزیراعظم نے فوری اقدامات کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے تاکہ حالیہ تباہ کن سیلابی صورتحال کا ازالہ کیا جا سکے اور مستقبل میں خطرات کم ہوں۔
وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام کے مطابق وزیراعظم نے صوبوں کو کلائمیٹ ریزیلینس ایکشن پلان کے اہداف تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں سے مشاورت کرے گی تاکہ اربن فلڈنگ اور جنگلات کے بے دریغ کٹاؤ کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کے تحت شہری علاقوں کے ڈرینیج سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا، جنگلات کے کٹاؤ پر قابو پانے کیلئے صوبوں کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات ہوں گے، اور ممکنہ آئندہ سیلابی خطرات کو کم کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی بنائی جائے گی۔
سیو آور پاک
