اسلام آباد: پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی سالانہ رپورٹ کی شاندار لانچنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم و ثقافت فراح ناز سمیت مختلف اہم شخصیات موجود تھیں۔
تقریب میں لاہور قلندرز کرکٹ ٹرائلز، لیپ ٹاپ اسکیم، ایگریکلچر لون اور دیگر جاری اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ رانا مشہود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ سال اپریل میں چیئرمین کا عہدہ سنبھالا اور اس وقت سے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی ٹیم نوجوانوں کی فلاح کیلئے دن رات محنت کر رہی ہے۔
رانا مشہود کے مطابق پروگرام کے ذریعے ہزاروں اسکالرشپس دی گئی ہیں، ماحولیات کے تحفظ کیلئے گرین موومنٹ شروع کی گئی ہے جس میں والینٹیئرز شامل ہیں، اور ڈزاسٹر مینجمنٹ کی ٹریننگ کیلئے دو لاکھ طلبہ کو تربیت دی جا چکی ہے جبکہ آئندہ تین سالوں میں بیس لاکھ طلبہ کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چھ لاکھ سے زائد طلبہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور پورٹل پر اندرون و بیرون ملک لاکھوں نوکریاں دستیاب ہیں۔ اس پروگرام میں مکمل شفافیت ہے اور تمام مواقع صرف میرٹ اور قابلیت پر دیے جاتے ہیں۔
رانا مشہود نے بتایا کہ پاکستان میں 6 کروڑ نوجوان ای اسپورٹس سے وابستہ ہیں، اس لئے پہلی بار ای اسپورٹس فیڈریشن قائم کرنے اور ملک بھر میں گیم ڈویلپمنٹ سینٹرز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو مستقبل میں اربوں ڈالرز کی انڈسٹری بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کو ہر میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع دینا ہے تاکہ کئی "ارشد ندیم” پاکستان کو مل سکیں۔
چیئرمین کے مطابق نیشنل والینٹیئر پروگرام، فنی تعلیم اور سب سے بڑے نیٹ ورک کی تیاری جاری ہے تاکہ روزانہ کی بنیاد پر نوکریوں اور تربیت کے مواقع کی اپ ڈیٹ نوجوانوں تک پہنچ سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب یوتھ پالیسی کے بعد ملک کے کونے کونے میں نوجوانوں کی تربیت اور ترقی کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
رانا مشہود نے تقریب میں واضح کیا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام ایک وژن پر مبنی ہے جہاں باتوں کے بجائے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور پاکستان کے بچے بچیوں کو حقیقی فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔
سیو آور پاک
