پاکستان سپر لیگ کے لیے آج کا دن ایک اہم اور تاریخی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ لیگ میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی نئی ٹیموں کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن رضا نقوی نے اس موقع پر دونوں شہروں کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔
اسلام آباد میں منعقد ہونے والی تقریب میں دو نئی ٹیموں کی نیلامی کا عمل مکمل ہونے کے بعد چیئرمین پی سی بی نے اختتامی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور سیالکوٹ کی شمولیت نہ صرف پی ایس ایل بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ ان کے مطابق نئی ٹیموں کی شمولیت سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ سرمایہ کاروں کا پاکستان اور یہاں کی کرکٹ پر اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
محسن نقوی نے دونوں ٹیموں کو خریدنے والے فواد سرور اور حمزہ مجید کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سرمایہ کاری پاکستان میں کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنچائز مالکان نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ صرف پی ایس ایل کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے بھی ایک اچھی خبر ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ نئے فرنچائز مالکان کی ذمہ داری صرف ٹیمیں چلانا نہیں بلکہ ملک میں کرکٹ کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ دس سال تک نئے فرنچائز مالکان کو مکمل تعاون فراہم کرے گا تاکہ ملک میں کرکٹ مزید مضبوط ہو سکے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ آج کی نیلامی پاکستان میں سرمایہ کاری کے اعتماد کی ایک واضح مثال ہے اور اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کے لیے مثبت سوچ پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس ملک کو وہاں تک لے جائیں گے جہاں ہم اسے دیکھنا چاہتے ہیں۔
اپنی گفتگو کے آخر میں انہوں نے پی سی بی، پی ایس ایل انتظامیہ اور روڈ شوز میں حصہ لینے والے تمام افراد کو مبارکباد دی، خاص طور پر پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا شکریہ ادا کیا۔
سیو آور پاک
