پنجاب میں پہلی بار میت کو ہسپتال سے گھر منتقل کرنے کے لیے مفت سرکاری سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ یہ سہولت عوام کو بغیر کسی معاوضے کے فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس منصوبے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ ان کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں اس سروس کو پورے صوبے میں شروع کرنے کے لیے تفصیلی منصوبہ طلب کیا گیا۔
فیصلے کے مطابق پنجاب کی ہر تحصیل میں کم از کم ایک سرکاری وین موجود ہوگی۔ یہ وین ہسپتال سے مرحوم کو گھر تک مفت منتقل کرے گی تاکہ غمزدہ خاندان کو مالی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اہل خانہ 1122 پر کال کر کے یا ہسپتال کے متعلقہ کاؤنٹر سے رابطہ کر کے یہ سروس حاصل کر سکیں گے۔ اس نظام کی نگرانی جدید اسمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے کی جائے گی تاکہ سروس میں شفافیت اور رفتار برقرار رہے۔ اگر ضرورت ہوئی تو میت کو ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کرنے کی سہولت بھی بغیر فیس کے فراہم کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے سروس کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔ مزید یہ کہ پرائیویٹ ایمبولینس سروس کو باقاعدہ قانون کے تحت لانے اور ان کے کرایے مقرر کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، تاکہ عوام کو مناسب اور واضح ریٹس پر سہولت مل سکے۔
یہ اقدام حکومت کی جانب سے عوامی سہولت اور انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت اٹھایا گیا ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
سیو آور پاک
