سعودی عرب نے برمی مسلمانوں کو قانونی حیثیت دلوانے کے معاملے میں پاکستان کے کردار کو کھلے الفاظ میں سراہا ہے۔
بدھ کے روز وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سعودی سفیر نوّاف بن سعید المالکی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور سکیورٹی سے متعلق معاملات پر تفصیلی گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران سعودی سفیر نے پاکستان کی اس کوشش پر خصوصی شکریہ ادا کیا جس کے نتیجے میں برمی مسلمانوں کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے میں پیش رفت ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے ایک باضابطہ معاہدہ آئندہ ہفتے سعودی عرب میں دستخط کیا جائے گا۔
محسن نقوی اور سعودی سفیر کے درمیان دونوں ممالک کی وزارِتِ داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عوام پاکستان کے ساتھ اپنی گہری دوستی اور مضبوط رشتے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں خودکش حملے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے لیے افسوس اور دکھ کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات میں سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا بھی موجود تھے۔
سیو آور پاک
