اسلام آباد (14 اکتوبر 2025): مصر کے کامیاب دورے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وطن واپسی پر فوراً سرکاری سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔ وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جہاں انہیں منصوبے کی تازہ ترین پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے آغاز میں شرکاء نے وزیراعظم کو مصر کے دورے کے دوران غزہ امن سربراہی اجلاس میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپنی محنت سے پاکستان کو سفارتی دنیا میں ایک اہم مقام دلوایا ہے۔
وزیراعظم نے اجلاس کے دوران واضح ہدایت دی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور تمام ٹائم لائنز پر سختی سے عمل درآمد ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ عوامی مفاد کے لیے نہایت اہم ہے اور اسے ایک جدید، بین الاقوامی معیار کا اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنایا جائے گا تاکہ عوام کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات میسر آئیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے ڈیزائن کنسلٹنٹ کا انتخاب مکمل ہوچکا ہے اور کنٹریکٹ کے حوالے سے پاکستان انجینئرنگ کونسل میں رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ مزید بتایا گیا کہ منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے لیے ماہرین کے انتخاب کا اشتہار جلد جاری کیا جائے گا، جبکہ اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کے لیے وفاقی کابینہ پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔
علاوہ ازیں، جیو ٹیک اسٹڈی مکمل ہوچکی ہے، جبکہ ہائیڈرولوجی اور سیسمک اسٹڈیز نومبر تک مکمل کرلی جائیں گی۔اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، اعظم نذیر تارڑ، عطا اللہ تارڑ، مختار احمد بھرتھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
سیو آور پاک
