چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور استحکام پاکستان کے لیے نہایت اہم ہیں اور دونوں ممالک کا تحفظ ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ابو ظبی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات یو اے ای کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان سے ہوئی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی، خاص طور پر معیشت، سرمایہ کاری اور سیکیورٹی سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گفتگو کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال، امن کے قیام اور سلامتی کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں شخصیات نے اس بات پر زور دیا کہ بدلتی علاقائی صورتحال میں مسلسل رابطہ اور تعاون انتہائی ضروری ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ تعاون دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں اماراتی قیادت کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تاریخی روابط موجود ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری خطے میں استحکام کے لیے اہم ثابت ہو رہی ہے۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ یو اے ای کی سلامتی دراصل پاکستان کی سلامتی کا حصہ ہے، اور دونوں ممالک مستقبل میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
سیو آور پاک
