لاہور: کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کے حوالے سے ایک اہم درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی ہے۔ یہ درخواست شہری اعظم بٹ کی جانب سے دی گئی ہے، جس میں وفاقی حکومت، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کم عمر بچے فیس بک اور ٹک ٹاک جیسی ایپس کے ذریعے نامناسب اور غیر اخلاقی مواد تک رسائی حاصل کر رہے ہیں، جس سے ان کی تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق یہ پلیٹ فارمز نہ صرف بچوں کے وقت کو ضائع کر رہے ہیں بلکہ ان کو غیر صحت مند اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کی طرف راغب بھی کر رہے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک میں بچوں کے لیے ایسی ایپس پر سخت پابندیاں ہیں تاکہ ان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔ لیکن پاکستان میں اب تک پی ٹی اے یا دیگر اداروں کی جانب سے کوئی واضح اور مؤثر اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وہ کم عمر بچوں کے فیس بک اور ٹک ٹاک استعمال پر پابندی یا سخت قانون سازی کے حوالے سے احکامات جاری کرے تاکہ بچوں کے مستقبل کو خطرات سے بچایا جا سکے۔
سیو آور پاک
