اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیلاب کے بعد ملک میں بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ممکنہ مہنگائی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ حکومت کی سب سے پہلی ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور مہنگائی پر قابو پانا ہے۔
اجلاس کے دوران کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے خصوصی پیکج تیار کرنے پر بھی غور کیا گیا تاکہ متاثرہ طبقہ فوری ریلیف حاصل کر سکے۔ وزیر خزانہ نے ہدایت دی کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی قسم کی مصنوعی مہنگائی ہرگز برداشت نہ کی جائے۔
اجلاس میں پیش کی گئی بریفنگ کے مطابق ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں جبکہ چاول اور گنے کی فصل کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔ وزیر خزانہ نے بوائی سیزن کی بروقت تیاریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو بیج اور زرعی مداخل وقت پر فراہم کی جائیں تاکہ غذائی پیداوار میں کمی نہ ہو۔
وزارت خزانہ نے این ڈی ایم اے، سپارکو اور پی بی ایس کو ہدایت دی کہ فصلوں کے نقصانات اور پیداوار کے تخمینے فوری طور پر مکمل کیے جائیں تاکہ حکمت عملی وقت پر ترتیب دی جا سکے۔ اجلاس کے آخر میں فیصلہ کیا گیا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کا اگلا اجلاس اگلے ہفتے دوبارہ طلب کیا جائے گا تاکہ تازہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔
سیو آور پاک
