کراچی (نمائندہ خصوصی): سچل پولیس نے شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے اسکیم 33 میں اہم کارروائی کرتے ہوئے دو افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر عبداللہ شاہ غازی گوٹھ میں کی گئی جہاں ملزمان طویل عرصے سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں سرگرم تھے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گرفتار افراد کے نام امین اور اختر بتائے گئے ہیں، جو سچل اور سہراب گوٹھ کے مختلف علاقوں میں شہریوں سے موبائل فون، نقدی اور قیمتی اشیاء چھیننے کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس نے گرفتار ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ، نقدی اور دیگر سامان برآمد کرلیا ہے۔ حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، جبکہ ان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ کی جانچ بھی جاری ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید گرفتاریاں اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔
حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد تک بھی پہنچا جا سکے۔
سیو آور پاک
