کراچی (نمائندہ خصوصی) — ریلوے کی کراچی ایکسپریس کے ڈائننگ کار میں کھانے پینے کی صورتحال پر ہوش اُڑا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اچانک معائنے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مسافروں کو فراہم کی جانے والی ڈبل روٹی زائد المیعاد (ایکسپائرڈ) تھی جبکہ دیگر کھانے پینے کی اشیاء کا معیار بھی انتہائی ناقص پایا گیا۔
اسسٹنٹ کمرشل آفیسر ریلوے لاہور ڈویژن بلال قمر نے کراچی ایکسپریس کے ڈائننگ کار کا غیر اعلانیہ معائنہ کیا، جس کے دوران صفائی ستھرائی کی حالت نہایت خراب پائی گئی۔ کھانے کے برتن گندے تھے، دودھ کا معیار غیر معیاری تھا اور حفظانِ صحت کے اصول مکمل طور پر نظر انداز کیے جا رہے تھے۔
معائنے میں یہ بھی معلوم ہوا کہ ڈائننگ کار میں کام کرنے والے بعض ملازمین کے میڈیکل کارڈز اپ ڈیٹ نہیں تھے اور نہ ہی کھانے پینے کی اشیاء کے نرخ نامے آویزاں کیے گئے تھے، جس پر انتظامیہ نے سخت نوٹس لیا۔
ذرائع کے مطابق تمام ایکسپائر اور غیر معیاری اشیاء کو موقع پر ضبط کر لیا گیا جبکہ ٹھیکیدار پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈائننگ کار کی صورتحال پر مفصل رپورٹ مرتب کرکے اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے تاکہ آئندہ اس قسم کی غفلت نہ ہو۔
سیو آور پاک
