لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے سابق کپتان سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں ممکنہ ذمہ داری دیے جانے کی خبروں پر اپنا ردعمل دے دیا ہے۔
محمد عامر نے کہا کہ اگر سرفراز احمد کو سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنایا جاتا ہے تو یہ پی سی بی کا انتہائی مثبت فیصلہ ہوگا۔ ان کے مطابق سرفراز احمد نہ صرف ایک دیانتدار اور سمجھدار شخصیت ہیں بلکہ وہ موجودہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں اور کمزوریوں کو بھی بخوبی جانتے ہیں۔
عامر نے مزید کہا کہ تاحال یہ خبر صرف میڈیا رپورٹس تک محدود ہے، مگر اگر سرفراز واقعی اس کمیٹی میں شامل ہوتے ہیں تو یہ پاکستان کرکٹ کے لیے فائدہ مند قدم ثابت ہوگا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں محمد عامر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ان کا ریٹائرمنٹ واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کے مطابق، “پچھلے چند دنوں سے خبریں چل رہی ہیں کہ میں ریٹائرمنٹ واپس لے رہا ہوں، مگر حقیقت یہ ہے کہ ایسا کوئی منصوبہ نہیں۔ جو فیصلہ کیا تھا، وہی برقرار رہے گا۔”
انہوں نے بتایا کہ ان کے کئی مداح واپسی کی خواہش رکھتے ہیں، مگر اب وقت ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع دیا جائے۔ “پاکستان کرکٹ کو نئی نسل کی ضرورت ہے۔ اگر نوجوان کھلاڑیوں کو مستقل موقع ملے تو اگلے چند سالوں میں ہم ایک مضبوط ٹیم دیکھیں گے۔”
عامر نے پرامیدی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے حال ہی میں ایشیا کپ کا فائنل کھیلا، اور اب انہیں یقین ہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ فائنل تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔یاد رہے کہ محمد عامر نے 14 دسمبر 2024 کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد دوسری بار ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، اور کہا تھا کہ اب وقت ہے کہ نئی نسل کو میدان میں آنے دیا جائے–
سیو آور پاک
