ڈھاکہ (نمائندہ خصوصی، سلیم رضا): ترکی اور بنگلہ دیش کے درمیان خارجہ سیکرٹری سطح کی ایک اہم ملاقات ڈھاکہ کے پدما اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو کی۔
اس اجلاس میں بنگلہ دیش کی نمائندگی سیکرٹری خارجہ اسد عالم صیام نے کی، جبکہ ترکی کی جانب سے نائب وزیر خارجہ اے بیرس ایکینچی شریک ہوئے۔
مشترکہ بیان کے مطابق، دونوں ممالک نے تجارت کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے، اور رابطوں کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ، یہ بھی طے پایا کہ مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اگلا اجلاس جلد از جلد بلایا جائے گا تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے نئے دروازے کھل سکیں۔
اجلاس میں بنگلہ دیشی وفد نے ترک سرمایہ کاروں کو ملک میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ دونوں فریقین نے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے جاری منصوبوں پر بھی گفتگو کی اور ان میں مزید بہتری کے امکانات کا جائزہ لیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ترکی کا شکریہ ادا کیا گیا کہ اس نے ’جولائی انقلاب‘ کے زخمیوں کے علاج، صحت کے شعبے میں معاونت، اور کاکس بازار میں قائم روہنگیا فیلڈ اسپتال کی سرگرمیوں کو مسلسل جاری رکھا ہوا ہے۔ دونوں ممالک نے مستقبل میں صحت کے شعبے میں مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔بعد ازاں، ترک نائب وزیر خارجہ نے بنگلہ دیش کے خارجہ امور کے مشیر سے خصوصی ملاقات بھی کی، جس میں علاقائی امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔
سیو آور پاک
