اسلام آباد: ایوانِ صدر میں ایک اہم ملاقات ہوئی جہاں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے رومانیہ میں پاکستان کے نامزد سفیر الیاس محمود نظامی نے ملاقات کی۔
صدرِ مملکت نے الیاس محمود نظامی کو رومانیہ میں پاکستان کا سفیر نامزد ہونے پر دلی مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ رواں سال پاکستان اور رومانیہ کے سفارتی تعلقات کی 60ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، جو دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی علامت ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت اور عوامی روابط کے فروغ پر زور دیا۔
صدرِ مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت دی کہ وہ معاشی سفارت کاری کو اولین ترجیح بنائیں تاکہ دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہو سکے۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کو قابلِ تجدید توانائی، ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں رومانیہ کے ساتھ تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے چاہییں۔
انہوں نے 2025 کے تجارتی و اقتصادی تعاون کے معاہدے پر مؤثر عمل درآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور رومانیہ کے درمیان کاروباری روابط کا فروغ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کو اپنی ثقافت، فن اور ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سرگرم کردار ادا کرنا چاہیے، جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ رابطے بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سیو آور پاک
