اسلام آباد (اسپیشل ڈیسک): فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، اور یہاں کے باصلاحیت، محب وطن اور باہمت عوام ملک کی اصل طاقت اور سرمایہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے عوامی فلاح پر مبنی اقدامات کر رہی ہیں، تاکہ صوبے میں خوشحالی کا نیا دور شروع کیا جا سکے۔ فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ بلوچستان کی معیشت میں بے پناہ امکانات موجود ہیں اور ان مواقع سے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل کے کردار کو اجاگر کرنا اور انہیں بااختیار بنانا ہی دیرپا ترقی کی ضمانت ہے۔ سول سوسائٹی بھی بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ان کی شمولیت سے ترقی کے عمل کو مزید تیز کیا جا سکتا ہے۔
خطاب میں انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کے حمایت یافتہ “فتنہ الہندستان” اور “فتنہ الخوارج” عوام دشمن اور ترقی دشمن ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، تاہم ان کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پاکستان امن و استحکام کا خواہاں ہے، لیکن اگر ملکی سالمیت پر کوئی حملہ کیا گیا تو اس کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ورکشاپ کا اختتام سوال و جواب کے ایک تفصیلی سیشن پر ہوا جس میں شرکاء نے قومی سلامتی اور ترقی سے متعلق مختلف سوالات پوچھے۔
سیو آور پاک
