کراچی (خصوصی رپورٹ): وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں مفتیِ اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور ان کی سربراہی میں ممتاز اہلسنت علمائے کرام سے اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔ شرکا نے حالیہ ملکی صورتحال اور مذہبی طبقات کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔
علمائے کرام نے اپنے مؤقف اور خدشات حکومت کے سامنے رکھے، جنہیں وزیر داخلہ نے پوری توجہ سے سنا اور یقین دلایا کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر یہ بھی طے پایا کہ آئندہ چند دنوں میں اسلام آباد میں ایک جامع نشست کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ تمام امور پر مزید مشاورت ہوسکے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ مدارس و مساجد کے داخلی معاملات میں حکومت مداخلت نہیں کرے گی اور دینی اداروں کی خودمختاری کا مکمل احترام کیا جائے گا۔ ساتھ ہی یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ حکومت اور علمائے کرام کے درمیان رابطے کے لیے ایک مستقل فوکل پرسن ہر وقت دستیاب رہے گا تاکہ مسائل فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔
ملاقات میں شامل علما میں علامہ سید مظفر شاہ، مفتی عابد مبارک، علامہ لیاقت حسین اظہری، علامہ ریحان اظہر نعمانی، مفتی رفیع الرحمن نورانی، علامہ اشرف گورمانی اور علامہ احمد ربانی شامل تھے۔
سیو آور پاک
