حضرت لال شہباز قلندرؒ کے مزار پر سیکیورٹی کے حوالے سے سنگین خدشات سامنے آئے ہیں کیونکہ 200 میں سے 80 سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہونے کی اطلاع ملی ہے یہ صورتحال اُس وقت سامنے آئی جب سالانہ عرس کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔
مزار کی نگرانی پر مامور حکام نے سندھ اوقاف ڈپارٹمنٹ کو کئی بار آگاہ کیا کہ کیمرے صحیح کام نہیں کر رہے، لیکن اطلاعات کے مطابق اب تک زیادہ تر سسٹم غیر فعال ہے۔
ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق چانگا نے اچانک سی سی ٹی وی کنٹرول روم کا معائنہ کیا اور فوراً معاملے کا نوٹس لیا۔ انہوں نے اوقاف ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ عرس سے پہلے تمام خراب کیمرے فوری طور پر درست کیے جائیں۔
معائنے کے دوران ایک پولیس اہلکار ڈیوٹی کے وقت موبائل فون استعمال کرتا ہوا پکڑا گیا۔ ایس ایس پی نے اس اہلکار کی دو دن کی تنخواہ کاٹنے کا حکم دیا اور واضح کیا کہ حساس مقامات پر تعینات عملے کو ہر وقت چوکنا رہنا چاہیے۔
ایس ایس پی چانگا نے کہا کہ مزار کی سیکیورٹی انتہائی اہم ہے اور یہاں ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کو موبائل فون کے استعمال سے سختی سے گریز کرنا چاہیے۔
سیو آور پاک
