پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کہا ہے کہ ملک کی سالمیت کے خلاف کام کرنے والوں سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ملاقات کی، جس میں پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس دوران بلاول بھٹو نے پارلیمنٹیرینز، ٹکٹ ہولڈرز، سینئر صحافیوں، کاروباری شخصیات، طلبہ یونین، وکلا برادری اور پارٹی کارکنوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے اراکین اور عہدیداران کو بلدیاتی انتخابات میں بھرپور تیاری کرنے اور سیاسی مخالفین کو سخت مقابلہ دینے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جلد دوبارہ لاہور کا دورہ کریں گے تاکہ پارٹی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جا سکے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے دائرہ کار میں رہ کر سیاست کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے جو عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ہمیشہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے میدان میں رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ خود پنجاب کے شہروں، گلیوں اور محلوں میں جا کر عوام سے ملاقات کریں گے اور ان کے مسائل سنیں گے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو یقین دلایا کہ وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں، کیونکہ اب پنجاب کے عوام سے رابطے کا یہ سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔
اس سے قبل گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بلاول بھٹو زرداری کا پنجاب آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے سے پارٹی کارکنوں میں نیا جوش اور ولولہ پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پارٹی کارکن بلاول بھٹو کا پیغام پہلے سے زیادہ مؤثر انداز میں عوام تک پہنچائیں گے۔
سیو آور پاک
