سندھ کے حلقہ پی ایس 9 شکارپور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہو چکا ہے، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
شکارپور کے پولنگ اسٹیشنز کے اندر اس وقت انتخابی عملہ بیلٹ باکس کھول کر ووٹوں کی گنتی میں مصروف ہے۔ گنتی کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے تمام امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس بھی پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود ہیں۔
دوسری جانب پولنگ اسٹیشنز کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اہلکار مکمل الرٹ نظر آ رہے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
پولنگ اسٹیشن کے باہر مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکن بڑی تعداد میں جمع ہیں اور اپنے اپنے امیدوار کی پوزیشن جاننے کے لیے بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔ کئی مقامات پر کارکن اپنے امیدواروں کے حق میں نعرے بھی لگاتے رہے۔
انتخابی حکام کے مطابق ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد کچھ ہی دیر میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اس ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے آغا شہباز خان درانی اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مولانا رشد اللہ شاہ سمیت مجموعی طور پر 8 امیدوار میدان میں ہیں۔ یہ نشست پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
سیو آور پاک
