پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گڑھی خدا بخش کی قربانیوں کے بغیر پاکستان کے لیے جنگ میں کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے شکست کے بعد اب فیلڈ مارشل کا نام سنتے ہی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی چھپ جاتا ہے۔
یہ بات بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ پاکستان کی افواج اور قوم نے مل کر بھارت کو جنگ کے میدان میں شکست دی۔ ان کے مطابق بھارت مئی میں ہونے والی اس شکست کو اب تک قبول نہیں کر پا رہا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ فتح صرف کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی جیت ہے۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان کو دنیا بھر میں عزت اور پذیرائی ملی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا بھی گڑھی خدا بخش کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، جس کی بدولت ملک کا دفاع مضبوط ہوا۔
انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کی وجہ سے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی حاصل ہوئی، جس نے ملکی دفاع کو نئی طاقت دی۔ صدر آصف علی زرداری نے چین سے وہ جدید طیارے منگوائے جنہوں نے بھارت کے چھ طیارے مار گرائے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کی بنیاد قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی، جسے شہید بے نظیر بھٹو نے آگے بڑھایا اور صدر آصف علی زرداری نے سی پیک کی بنیاد رکھ کر اس دوستی کو مزید مضبوط کیا۔
گڑھی خدا بخش میں ہونے والے اس اجتماع میں وفاقی حکومت کے اعلیٰ سطح کے وفد نے بھی شرکت کی اور حکومت کی جانب سے شہید بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ شہید بے نظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کے 23 کارکن 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ راولپنڈی میں دہشت گرد حملے میں شہید ہوئے تھے، جن کی 18ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت آج بھی اپنی شکست کو ہضم نہیں کر پا رہا، اسی لیے مودی اب کسی عالمی فورم پر نظر نہیں آتا، جبکہ ماضی میں وہ انہی پلیٹ فارمز پر جا کر پاکستان کے خلاف باتیں کیا کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی افواج اور عوام دونوں کی بڑی کامیابی ہے۔
سیو آور پاک
