پاک فضائیہ نے ملکی سطح پر تیار کیے گئے جدید کروز میزائل تیمور کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ مکمل کر لیا ہے، جو پاکستان کی دفاعی طاقت میں ایک اہم اضافہ سمجھا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تیمور ایک جدید ائیر لانچڈ کروز میزائل ہے، جو 600 کلومیٹر تک زمینی اور بحری اہداف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ میزائل کم بلندی پر پرواز کرنے کی خاص صلاحیت رکھتا ہے، جس کی وجہ سے یہ دشمن کے جدید ائیر اور میزائل ڈیفنس سسٹمز کو بھی چکمہ دینے میں مؤثر ثابت ہوتا ہے۔
بیان کے مطابق تیمور کروز میزائل جدید نیویگیشن اور گائیڈنس ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو اسے نہایت درست نشانہ لگانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ اس کامیاب تجربے سے پاک فضائیہ کی روایتی دفاعی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور علاقائی سکیورٹی کے ماحول میں پاکستان کے قابلِ اعتماد دفاع کو مزید مضبوطی ملی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تیمور میزائل کا یہ کامیاب تجربہ قومی سلامتی کے اہداف کے حصول کی عکاسی کرتا ہے اور یہ کامیابی پاکستان کے قومی عزم اور تکنیکی خود کفالت کا واضح ثبوت ہے۔
فلائٹ ٹیسٹ کے موقع پر پاک افواج کے سینئر افسران اور ملکی سائنسدانوں نے تجربے کا مشاہدہ کیا، جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سائنسدانوں اور انجنیئرز کو اس بڑی کامیابی پر مبارکباد دی۔
سیو آور پاک
