پاکستان اور امریکا کی افواج کے درمیان ہونے والی مشترکہ فوجی مشق انسپائرڈ گمبٹ سے دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہو گئے ہیں۔ امریکا نے اس مشق کو پاکستان کے ساتھ دفاعی شراکت داری میں ایک نئی جہت قرار دیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ رواں ہفتے امریکی اور پاکستانی فوج نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں مشترکہ مشق کے دوران اپنی تربیت کامیابی سے مکمل کی۔
بیان کے مطابق اس مشق میں انفنٹری کی پیشہ ورانہ مہارتوں، جدید جنگی حکمتِ عملیوں اور انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں پر خاص توجہ دی گئی۔ اس تربیت کے ذریعے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور عملی تعاون کو مزید فروغ ملا۔
واضح رہے کہ انسپائرڈ گمبٹ 2026 کی یہ مشق 8 جنوری سے 16 جنوری 2026 تک جاری رہی۔ دو ہفتوں پر مشتمل اس مشق کا بنیادی مقصد انسدادِ دہشت گردی کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا تھا۔
انسپائرڈ گمبٹ مشقوں کا یہ سلسلہ 1995 سے جاری ہے اور موجودہ مشق اس دوطرفہ تربیتی پروگرام کی 13ویں کڑی ہے۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان ہونے والی یہ مشترکہ فوجی مشقیں دونوں ممالک کے دیرینہ دفاعی تعلقات کی عکاس ہیں۔
سیو آور پاک
