پاکستان اور میانمار کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں، جس کا مقصد مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
اس حوالے سے اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوی نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
تقریب سے قبل میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوی کی دفتر خارجہ آمد پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ میانمار کے وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور میانمار کے درمیان تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے جو باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میانمار کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو بہت اہمیت دی جاتی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان، میانمار میں امن، ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور ثقافت، سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اس موقع پر میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوی نے شاندار میزبانی پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میانمار پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے مواقع موجود ہیں۔
تھان سوی نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ مفید بات چیت ہوئی، جس میں زراعت، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میانمار پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے تیار ہے اور مستقبل میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے اور دونوں ممالک مشکلات اور چیلنجز کے باوجود اپنے روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
سیو آور پاک
