آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سپر سکس راؤنڈ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا پہلا میچ آسانی سے جیت لیا۔ گرین شرٹس نے نیوزی لینڈ انڈر 19 کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا۔
زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان انڈر 19 کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو بالکل درست ثابت ہوا۔ پاکستانی بولرز نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے بلیک کیپس کی پوری ٹیم کو صرف 110 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے صرف ہیوگو بوگ نمایاں رہے، جنہوں نے 39 رنز بنائے، جبکہ باقی بیٹرز پاکستانی بولنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔ پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، علی رضا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد صیام اور مومن قمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
111 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 نے پُراعتماد بیٹنگ کی۔ اوپنر سمیر مہناس نے شاندار اور جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 59 گیندوں پر ناقابل شکست 76 رنز بنائے۔ ان کی برق رفتار اننگز کی بدولت گرین شرٹس نے صرف 17.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
پاکستان انڈر 19 کے کپتان فرحان یوسف 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ عثمان خان 15 اور حمزہ ظہور 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دوسری جانب آج گروپ 2 کے ایک اور میچ میں بھارت اور میزبان زمبابوے آمنے سامنے ہیں۔ بلاوایو میں کھیلے جانے والے اس میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت نے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے، جس کے جواب میں زمبابوے کو جیت کے لیے 353 رنز کا ہدف دیا گیا ہے۔
سیو آور پاک
