پاکستان اور آذربائیجان نے بحری دفاع کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آذربائیجان نیول فورسز کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شاہین ممدوف نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر پاک بحریہ کے سربراہ نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان نیوی کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
بعد ازاں ریئر ایڈمرل شاہین ممدوف نے شہدا کی یادگار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں بحری سربراہان کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، خطے میں بحری سلامتی کی موجودہ صورتحال اور تربیت و دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت اور مضبوطی دی جائے گی۔
اس موقع پر معزز مہمان کو پاکستان نیوی کے جاری منصوبوں اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں سے متعلق جامع بریفنگ بھی دی گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جو باہمی اعتماد اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔
آذربائیجان نیول فورسز کے کمانڈر کا یہ دورہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مجموعی طور پر اور خاص طور پر بحری افواج کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے میں اہم ثابت ہوگا۔
سیو آور پاک
