وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف صرف اپنی نہیں بلکہ پوری دنیا کی حفاظت کر رہا ہے اور ایک مضبوط ڈھال کا کردار ادا کر رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی اور یورپی کمشنر میگنس برنر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اس افسوسناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ المناک واقعے کی خبر سن کر انہیں شدید صدمہ پہنچا۔ انہوں نے اٹلی کی حکومت اور اپنی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں اطالوی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹلی ہر قسم کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
یورپی کمشنر میگنس برنر نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعائیں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں یورپی یونین پاکستانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اطالوی وزیر داخلہ اور یورپی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر ایک مضبوط دیوار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پوری دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لیے مشترکہ اور مضبوط عالمی اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
سیو آور پاک
