پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی تصدیق ہو گئی ہے، جس کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ کل بروز جمعرات پہلا روزہ رکھا جائے گا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے باقاعدہ طور پر اس کا اعلان کر دیا۔
رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے ارکان کے ساتھ سپارکو اور محکمہ موسمیات کے حکام بھی شریک تھے تاکہ تمام معلومات کی درست جانچ کی جا سکے۔
کمیٹی کو چاند نظر آنے کی تقریباً 40 شہادتیں موصول ہوئیں۔ یہ شہادتیں اپر دیر، صوابی، بونیر اور بلوچستان کے علاقے چمن سمیت مختلف مقامات سے دی گئیں۔ اس کے علاوہ ضلع مہمند سے بھی متعدد گواہیاں زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کو موصول ہوئیں، جنہیں بعد میں مرکزی کمیٹی تک پہنچایا گیا۔
ممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی عتیق اللہ کے مطابق موصول ہونے والی تمام شہادتوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ مکمل تصدیق کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کا چاند نظر آ چکا ہے، جس پر چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے باضابطہ اعلان کیا۔
دوسری جانب سپارکو نے بھی پہلے ہی بتایا تھا کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات کافی زیادہ ہیں اور وہ تمام زونل کمیٹیوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے قوم سے اپیل کی کہ چاند دیکھنے کا خاص اہتمام کیا جائے اور اگر کسی کو چاند نظر آئے تو فوراً اطلاع دی جائے تاکہ پوری قوم کو آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رویت ہلال کمیٹی ہمیشہ علما کو ساتھ لے کر چلتی ہے اور اتحاد کو ترجیح دیتی ہے۔
سیو آور پاک
