پاک افغان کشیدگی کے تناظر میں آج ایک اہم پیش رفت متوقع ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج اس معاملے پر اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ پریس کانفرنس آج سہ پہر 4 بجے منعقد ہوگی، جس میں پاک افغان سرحدی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ اس موقع پر ملکی و غیر ملکی میڈیا نمائندگان کو سکیورٹی سے متعلق اہم امور سے آگاہ کیا جائے گا اور ان کے سوالات کے جواب بھی دیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ افغانستان کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیزی کے بعد پاکستانی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے آپریشن "غضب للحق” شروع کیا تھا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے دوران اب تک 133 طالبان مارے جا چکے ہیں جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پاک افواج نے افغان طالبان کی 27 چوکیاں مکمل طور پر تباہ کر دی ہیں، جبکہ 9 پوسٹوں پر قبضہ بھی کر لیا گیا ہے۔ مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 36 سے زائد ٹینک تباہ کیے گئے اور دشمن کی آرٹلری گنز اور بکتر بند گاڑیاں بھی ناکارہ بنا دی گئیں۔
دوسری جانب سینیٹ میں افغانستان کی دراندازی کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے، جس میں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آج کی پریس کانفرنس میں توقع کی جا رہی ہے کہ ان تمام معاملات پر مزید وضاحت دی جائے گی اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔
سیو آور پاک
