انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
صاحبزادہ فرحان نے پورے ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے 7 میچز میں مجموعی طور پر 383 رنز اسکور کیے اور اس طرح وہ ایونٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔
آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ٹیم میں مختلف ممالک کے نمایاں کھلاڑیوں کو جگہ دی گئی ہے۔ اس ٹیم میں بھارت کے چار کھلاڑی شامل ہیں جبکہ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے دو، دو کھلاڑی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ اس کے علاوہ زمبابوے اور ویسٹ انڈیز سے بھی ایک، ایک کھلاڑی کو منتخب کیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔
ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل نمایاں کھلاڑیوں میں بھارت کے سنجو سیمسن، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔ اسی طرح انگلینڈ کے ول جیکس اور عادل رشید جبکہ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم اور لنگی اینگیڈی بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔
مزید برآں زمبابوے کے بلیسنگ مزرابانی اور ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کو بھی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔آئی سی سی نے اس میگا ایونٹ کی ٹیم میں امریکا کے شاڈلے وان شاکوائک کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا ہے۔
سیو آور پاک
