وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ جلد عوام تک پہنچایا جائے گا تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم سے وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی۔ اس موقع پر امیر مقام نے خطے میں امن کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اہم اور تاریخی اقدامات کیے ہیں۔
ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ خیبر پختونخوا میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ امیر مقام نے وزیراعظم کی کفایت شعاری اور بچت کی پالیسیوں کو بھی مثبت قرار دیا۔
دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کو پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک اہم اور تاریخی لمحہ ہے اور اس پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔
وزیراعظم نے مزید بتایا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے اور حکومت اس کا فائدہ عوام تک منتقل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔ اس حوالے سے آئندہ کابینہ اجلاس میں مزید فیصلے کیے جائیں گے تاکہ عوام کو فوری ریلیف دیا جا سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کے لیے جنگ بندی ہوئی، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
سیو آور پاک
