وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بزنس ٹو بزنس تعلقات کو ترجیحی بنیادوں پر مضبوط بنا رہی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم سے سروس لانگ مارچ ٹائرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیئرمین جن یانگ شینگ کی قیادت میں چار رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
وفد کے سربراہ جن یانگ شینگ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول اور حکومتی معاشی پالیسیوں کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم کو کمپنی کے نئے سرمایہ کاری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک شفاف، پائیدار اور سہولتوں سے بھرپور سرمایہ کاری نظام پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن آسانی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ بلا جھجھک پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مشترکہ منصوبے دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں، کیونکہ اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی ممکن ہوتی ہے اور برآمدات میں اضافہ ہوتا ہے۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمپنی برآمدات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور سال 2024-2025 میں اس کا ایکسپورٹ ریونیو 54 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
اس ملاقات میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکومتی افسران بھی شریک تھے۔
سیو آور پاک
