پیر , 20 اپریل 2026 | 1 USD = 278.982120 PKR
ایک تولہ سونا ریٹ = 505800.00 روپے
پاکستان کا بڑا مالی قدم, یو اے ای کو 3 ارب ڈالرز واپس کرنے کا فیصلہ
پاکستان کا بڑا مالی قدم, یو اے ای کو 3 ارب ڈالرز واپس کرنے کا فیصلہ

پاکستان کا بڑا مالی قدم, یو اے ای کو 3 ارب ڈالرز واپس کرنے کا فیصلہ

پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 3 ارب ڈالرز واپس کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور امکان ہے کہ یہ ادائیگی آئندہ ایک ہفتے کے اندر کر دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر کو جون تک 18 ارب ڈالرز تک بڑھانے کے لیے بھی ایک جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے تاکہ معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 ارب ڈالرز کی رقم 17 اپریل کو یو اے ای کو ادا کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ باقی 1 ارب ڈالرز 23 اپریل کو واپس کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان پہلے ہی یو اے ای کا 45 کروڑ ڈالرز کا ایک پرانا قرضہ بھی ادا کر چکا ہے، جو تقریباً 30 سال پہلے لیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے ملنے والی اضافی 3 ارب ڈالرز کی مالی سہولت سے مالی خلا کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، جس کے بعد پاکستان کے پاس سعودی ڈپازٹس کا حجم بڑھ کر 8 ارب ڈالرز تک پہنچ جائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت ملنے کا بھی امکان ہے۔ اس وقت سعودی عرب ماہانہ 10 کروڑ ڈالرز کی آئل فیسلیٹی فراہم کر رہا ہے، جبکہ رواں مالی سال کے دوران تقریباً 1 ارب ڈالرز کی تیل سہولت فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ موجودہ 1 ارب ڈالرز کی آئل سہولت ختم ہونے کے قریب ہے، تاہم نئی سہولت سے پاکستان کو توانائی کے شعبے میں کافی ریلیف مل سکتا ہے۔

دوسری جانب آئی ایم ایف سے اگلی قسط کے طور پر تقریباً 1 ارب 21 کروڑ ڈالرز اگلے ماہ ملنے کی توقع ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف سطح کا معاہدہ پہلے ہی طے پا چکا ہے، اور اب ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد یہ رقم جاری کی جائے گی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان رواں سال کیپٹل مارکیٹ میں بانڈز جاری کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے، جبکہ چینی مارکیٹ میں پانڈا بانڈز کے اجرا پر بھی کام جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کمرشل بینکوں سے قرض لینے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

اس وقت پاکستان کے پاس سعودی عرب، چین اور یو اے ای کے مجموعی طور پر 12 ارب ڈالرز کے ڈپازٹس موجود ہیں، جن میں سعودی عرب کے 5 ارب، چین کے 4 ارب اور یو اے ای کے 3 ارب ڈالرز شامل ہیں۔

About A.M JAN

Check Also

ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ بند کر دی، دنیا میں ہلچل

ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ بند کر دی، دنیا میں ہلچل

ایران نے ایک بار پھر اہم بحری راستہ آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا اعلان …

جواب دیں